جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کا اصلی نتیجہ دیا جائے ورنہ اسمبلی میں آرام سے نہیں بیٹھنے دوں گا۔
چارسدہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جب تک برصغیر میں علماء کی حکومت تھی تو امن تھا۔ جب سے علماء سے قیادت چھینی گئی بے امنی بڑھ گئی۔ فرقہ واریت کو ہوا دی گئی تو ہم نے اس کا راستہ روکا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی نظر دنیا کی دولت پر ہے، خطے کے وسائل پر قبضے کیلئے بے امنی پھیلائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہمارے ساتھ دھاندلی ہوئی، جس کا اعتراف بھی کیا گیا۔ اس الیکشن پر شہباز شریف حکومت کرے گا اور میں اسے جائز مانوں گا؟ الیکشن کا اصلی نتیجہ دیا جائے ورنہ اسمبلی میں آرام سے نہیں بیٹھنے دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے ساتھ جنگ اور امریکا ایران ثالثی میں ہم نے آپ کو سپورٹ کیا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے عمر بھر کے لیے خود کو استثنیٰ دے دیا۔ غریب کو روٹی نہیں ملتی اور حکمران عیاشی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک چلانا ہے تو جے یو آئی (ف) کا راستہ کھولنا ہوگا۔ پاکستان کی سیاست آئین و دلیل کی نہیں قوت کی سیاست ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے یہ بھی کہا کہ افغانستا ن کے ساتھ مسائل بھی مذاکرات سے حل کیے جائیں۔