نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ایرانی ہم منصب عباس عراقچی میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوران گفتگو اسحاق ڈار نے عباس عراقچی کو ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کی مبارک باد دی۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا مذاکرات کے اگلے مرحلے کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ ایرانی ہم منصب نے پاکستان کی تعمیری اور مسلسل ثالثی کوششوں کو سراہا۔
ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوران گفتگو لبنان میں اسرائیلی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر تشویش ظاہر کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق عباس عراقچی نے 30 ایرانی شہریوں کی وطن واپسی میں پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا جبکہ دونوں ممالک میں قریبی رابطے اور مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔