بھارتی ریاست تلنگانہ میں 35 سالہ راج کمار نے اپنی بیوی پاروتی سرتھا اور اپنے 2 کم سن بیٹوں سمیت 6 افراد کو قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم راج کمار نے پہلے اپنی 30 سالہ بیوی اور 1 اور 4 سال کے بیٹوں کو قتل کیا، بعد ازاں اس نے اس 17 سالہ لڑکی کو بھی قتل کر دیا جس نے 16 مئی کو اس کے خلاف جنسی ہراسانی اور تعاقب کی شکایت درج کروائی تھی۔
پولیس کے مطابق راج کمار لڑکی کو گاڑی میں ایک سنسان مقام پر لے گیا اور وہاں اسے قتل کر دیا، بعد ازاں ملزم نے لڑکی کی 45 سالہ والدہ اور 65 سالہ نانی کو بھی قتل کیا۔
واقعے کے وقت لڑکی کی 20 سالہ معذور بہن بھی گھر میں موجود تھی تاہم ملزم نے اسے کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واردات کے بعد راج کمار نے اپنے والد کو فون کر کے متعدد افراد کے قتل کا اعتراف کیا اور کہا کہ میں خودکشی کرنے جا رہا ہوں اور اپنا فون بند کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم تاحال فرار ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راج کمار اور پاروتی سرتھا نے 2018ء میں پسند کی شادی کی تھی، ان کے 3 بچے تھے جن میں سے پہلی بیٹی بچپن ہی میں انتقال کر گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راج کمار کے خلاف مئی میں کم عمر لڑکی کا تعاقب کرنے اور اسے ہراساں کرنے کے الزام میں مقدمہ درج ہوا تھا، وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار رہا اور بعد میں عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی تھی۔
اسے تقریباً 1 ہفتے قبل 20,000 روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت ملی تھی۔
راج کمار کے اہلِ خانہ کے مطابق ان کے بیٹے کو جوا کھیلنے کی عادت ہے اور اس کی ذہنی حالت بھی غیر مستحکم ہے۔