• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زکوٰۃ نے میری شوبز کی کمائی کو پاک کر دیا: نرگس

نرگس---فائل فوٹو
نرگس---فائل فوٹو

پاکستانی فلم انڈسٹری کی سابق اداکارہ اور رقاصہ نرگس ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔

حال ہی میں ان کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میں اپنی شوبز کی کمائی سے باقاعدگی سے زکوٰۃ ادا کرتی رہی ہوں اور زکوٰۃ مال کو پاک کر دیتی ہے۔

نرگس ماضی میں لالی ووڈ اور تھیٹر کی معروف فنکارہ رہ چکی ہیں، وہ شادی کے بعد شوبز سے کنارہ کش ہو گئی تھیں اور اب لاہور میں اپنا کاروبار چلا رہی ہیں، رواں سال انہیں حج کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔

ڈیلی پاکستان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نرگس نے اپنے ماضی اور موجودہ زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1992ء سے جب میں نے کمانا شروع کیا، میں کبھی اپنی آمدنی 2.5 فیصد زکوٰۃ نکالے بغیر گھر نہیں لے گئی، میں قسم کھا کر کہتی ہوں کہ زکوٰۃ آپ کے مال کو پاک کر دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی کو عبادت سمجھ کر انجام دیتی تھی اور میرے کیریئر میں کوئی فحش رقص تلاش کرنا مشکل ہو گا۔

 نرگس نے حج کے دوران اپنے جذباتی تجربات بھی بیان کیے اور کہا کہ طواف کے دوران لوگوں کی محبت اور عزت نے مجھے بے حد متاثر کیا۔

نرگس کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے، متعدد صارفین نے ان کی زندگی میں آنے والی مثبت تبدیلی، توبہ اور مذہب کی طرف رجوع کو سراہا، جبکہ بعض افراد نے ان کے زکوٰۃ سے متعلق مؤقف پر تنقید بھی کی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید