وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن تباہ کرنے کی بھارت کی کوشش ناکام ہو گئی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر میں ایسے عناصر کار فرما ہیں جو بھارت کی ایماء پر آزاد کشمیر میں جو قربانیاں ہیں ان کو بھول رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بھی ظلم و ستم جاری ہے، وہاں کی لیڈر شپ جیلوں میں زندگی گزارتی رہی ہے، مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کی قربانیوں کی لمبی داستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی گروپ کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہوں تو ہمیں ان کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنی چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ بنوں میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، معصوم لوگوں کو شہید کیا گیا، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اتحاد کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں، تاکہ اس دہشت گردی کو ایک ہی بار جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور افغانستان ہیں، پچھلے سال شکست کے بعد افغانستان بھی بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان کی زمین پر دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔
خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرا خیال ہے وقت آ گیا ہے فیصلہ کن جنگ لڑی جائے اور ان کو شکست دی جائے، پاکستان کا کوئی بھی صوبہ ہو وہاں امن کی فضاء ہم نے قائم کرنی ہے۔