پشاور( نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں تحریک انصاف کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اوراسی وجہ سے وہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے خلاف غلط اورمنفی پروپیگنڈہ کرکے خو د کوسیاسی طورپر زندہ کرنے کی ناکام کوشش کرر ہی ہیں مگر ان کواپنی حیثیت کااندازہ آنے والے عام انتخابات میں لگ جائے گا۔ عوام کا پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور صوبائی حکومت پر بھرپور اعتماد ہے۔وہ نوشہرہ میں اے ایس سی کالونی بدرشی، اضاخیل بالا، پیر پیائی اورپبی میں جلسوںسے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ایم پی اے اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقی و منصوبہ بندی میاں خلیق الرحمن، تحصیل ناظم نوشہرہ رضا اللہ خان، تحصیل ناظم پبی میاں مرتضیٰ ،ضلع نائب ناظم اشفاق احمد خان، ممبر ضلع کونسلر اشفاق خان کاکو بھی موجود تھے۔پرویز خٹک نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبے میں غریب عوام کی حالت زار بہتر بنانے اور غریب عوام کی عزت نفس بحال کرنے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر گامزن ہے جس کی وجہ سے آج خیبرپختونخوا کے عوام صوبے میں تبدیلی محسوس کررہے ہیں۔ بیورو کریسی اور عوام میں دوریاں ختم کرکے صوبے سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کردیا ہے صوبے کی ہر دینی اور سیاسی جماعت کے کارکن جو ق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہورہے اور جو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور صوبائی حکومت پر بھر پور اعتماد کامظہر ہے۔ صوبے میں انصاف اور میرٹ کا بول بالا کردیا ہے۔صوبے میں یکساں ترقیاتی کاموںپر عمل جاری ہے۔ پرویز خٹک نے انہان الدین خٹک اوران کے خاندان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ اور ایک ساتھ علاقے کی خدمت دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا،دریں اثنا پشاور میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست سے گفتگو کر نے ہوئےوزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت سی پیک کے تناظر میںشروع کئے جانے والے منصوبوں سمیت سیاحت، صنعت ، توانائی، ہائوسنگ اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مراعات پیش کر رہی ہے۔خیبر پختونخوا اور ایران کے درمیان مستقبل میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کوبھی فاسٹ ٹریک پر فروغ دیا جا سکتا ہے، قونصل جنرل ایران اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات ، صوبائی حکومت اور ایران کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت صوبے کے تمام شعبوں میں نظر آنے والی تبدیلی لائی ہے۔ سرمایہ کاری کے لئے فضا سازگار بنا دی گئی ہے۔ جبکہ صوبے میں صنعتوں کے فروغ اور کارخانوں کے قیام کے لئے ایک با اختیار کمپنی بنائی گئی ہے۔ موجودہ حکومت اپنی صنعتی پالیسی کے تحت مقامی و بیرونی سرمایہ کاروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ون ونڈو آپریشن کی سہولت اور پر کشش مراعات دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی حکومت اور سرمایہ کار کمپنیوں کو صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے خوش آمدید کہا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں پاک۔ چین اور ایران کے باہمی تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کیا اور خطے میں پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ کو انتہائی اہم منصوبہ قرار دیا۔ مہدی ہنردوست نے ہائیڈل، ہاؤسنگ ، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت اور دلچسپی کا اظہار کیا۔دونوں رہنمائوں نے باہمی تجارت اور تعلقات کے فروغ کے لئے معلومات کے تبادلے اور روابط کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔