پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار شہزاد نواز نے کہا ہے کہ اگر مجھے مستقبل میں پرائیڈ آف پرفارمنس یا کوئی صدارتی اعزاز دیا گیا تو اسے قبول نہیں کروں گا، کیونکہ میرے نزدیک بہت سے مستحق فنکار آج بھی اس اعزاز سے محروم ہیں۔
متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری سے پہچانے جانے والے شہزاد نواز نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے صدارتی اعزازات کی تقسیم کے معیار پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران شہزاد نواز نے کہا کہ پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ اب تک بہت سے ایسے لوگوں کو نہیں ملا جو حقیقت میں اس کے مستحق تھے، یہ صرف میری رائے نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے جو ریکارڈ پر موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کبھی مجھے یہ اعزاز دیا گیا تو میں اسے لینے سے انکار کر دوں گا، درحقیقت میں تو یہ بھی نہیں چاہتا کہ میرا نام اس کے لیے نامزد کیا جائے، کیونکہ بہت سے قابل اور مستحق افراد آج تک اس اعزاز سے محروم ہیں۔
اداکار کا کہنا ہے کہ میرے اخلاقی اصول مجھے ایسے اعزازات قبول کرنے کی اجازت نہیں دیتے، جب ریاست کسی فنکار کو اعزاز دیتی ہے تو وہ صرف اس فنکار کو نہیں بلکہ خود کو بھی عزت بخشتی ہے، ایسے اعزازات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ کسی معاشرے میں میرٹ کا معیار کیا ہے۔