پاکستانی فلم ہدایت کار اور مصنف ابو علیحہ نے انکشاف کیا ہے کہ میں صرف 13 سال کی عمر میں فلمیں بنانے کے خواب کی تکمیل کے لیے گھر سے بھاگ کر لاہور پہنچ گیا تھا۔
ابو علیحہ نے یہ انکشاف ایک شو میں گفتگو کے دوران کیا، جہاں ان سے زندگی کی سب سے بڑی غلطی کے بارے میں سوال کیا گیا۔
اس سوال کے جواب میں ہدایت کار نے کہا کہ میری سب سے بڑی غلطی یہ تھی کہ میں فلم انڈسٹری میں دیر سے آیا۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن سے ہی میرے دل میں فلمیں بنانے کا جنون تھا، اسی شوق کے باعث میں 13 برس کی عمر میں گھر سے نکل کر لاہور پہنچ گیا اور ایک فلم اسٹوڈیو کے دروازے تک جا پہنچا۔
ابو علیحہ کے مطابق اسٹوڈیو کے قریب موجود ایک یتیم خانے کے عملے نے انہیں بغیر شناخت کے دیکھا تو اپنے ساتھ لے گیا، بعد ازاں ان کے والد کا سراغ لگایا گیا، جو وہاں پہنچے اور انہیں واپس گھر لے گئے۔
ہدایت کار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آج بھی مجھے لگتا ہے کہ کاش میں اس انڈسٹری میں اور پہلے آ جاتا۔
واضح رہے کہ ابو علیحہ نے بطور ہدایت کار 2019ء میں فلم سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، بعد ازاں انہوں نے دیگر کئی فلموں کی ہدایت کاری کی۔
ان کی حالیہ فلم میرا لیاری ایک اسپورٹس ڈرامہ ہے، جس کی کہانی لیاری کی دو نوجوان لڑکیوں کے گرد گھومتی ہے جو فٹبال کے میدان میں اپنے خواب پورے کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اسے لیاری میں حقیقی مقامات پر فلمایا گیا، جبکہ فلم کی تقریباً 80 فیصد کاسٹ مقامی لیاری کے رہائشیوں پر مشتمل ہے، جن میں مقامی فٹبال ٹیموں کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔