• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان احمد کا 30 سال پہلے دنیا سے رخصت ہونیوالے جنون گروپ کے ڈرمر زوہیر حبیب کو خراجِ عقیدت

فوٹوز / یوٹیوب جنون گروپ
فوٹوز / یوٹیوب جنون گروپ 

 پاکستان کے معروف راک موسیقار سلمان احمد نے جنون گروپ کے ساتھی زوہیر حبیب کی 30ویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

سلمان احمد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زوہیر حبیب، جنہیں دوست احباب ’زو‘ کے نام سے جانتے تھے، آج بھی اپنی موسیقی اور یادوں کے ذریعے زندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تین دہائیاں گزرنے کے باوجود ان کی چھوڑ جانے والی دھنوں اور ردھم کی گونج آج بھی محسوس کی جا سکتی ہے۔

سلمان احمد نے یاد کیا کہ 2 جون 1988ء کو کراچی کے ایک ہوٹل میں ہونے والی ایک یادگار موسیقی تقریب میں زوہیر حبیب نے ہمارے اور وائٹل سائن کے ہمراہ پرفارم کیا تھا، بعد ازاں 5 جولائی 1991ء کو جنون  کے پہلے کنسرٹ میں بھی زوہیر حبیب نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ زوہیر حبیب محض ایک ڈرمر نہیں تھے بلکہ ایک ایسی تخلیقی قوت تھے جو ہر محفل اور اسٹیج کو نئی توانائی بخشتی تھی، ان کی موجودگی موسیقی کے سفر کا ایک لازمی حصہ تھی اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

سلمان احمد نے اپنے پیغام میں مرحوم گلوکار جنید جمشید کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کچھ شخصیات دنیا سے رخصت ہو کر بھی اپنے فن اور اثرات کے ذریعے زندہ رہتی ہیں، زوہیر حبیب بھی انہی لوگوں میں شامل ہیں جن کی یادیں اور موسیقی آنے والی نسلوں تک منتقل ہوتی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آج زوہیر حبیب کو صرف یاد نہیں کیا جا رہا بلکہ ان کی موسیقی کو محسوس کیا جا رہا ہے، کیونکہ سچے جذبے سے تخلیق کیا گیا فن کبھی ختم نہیں ہوتا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید