• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف اداکاراؤں کو انکے والد نے بچپن میں چھوڑ دیا: بشریٰ انصاری

بشریٰ انصاری — فائل فوٹو
بشریٰ انصاری — فائل فوٹو

معروف پاکستانی سینئر اداکارہ اور میزبان بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ ہماری انڈسٹری کی بعض معروف اداکاراؤں کو ان کے والد نے بچپن میں ہی چھوڑ دیا تھا۔

بشریٰ انصاری اداکاری کے ساتھ ساتھ یوٹیوب پر باقاعدگی سے وی لاگنگ کرتی ہیں اور اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر مختلف سماجی و شوبز موضوعات پر اظہارِ خیال کرتی رہتی ہیں۔

انہوں نے اپنے حالیہ ویلاگ میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ان اداکاراؤں کے حوالے سے گفتگو کی ہے جو مبینہ طور پر بچپن میں اپنے والدین کی طرف سے نظر انداز یا چھوڑ دیے جانے کے بعد میڈیا انڈسٹری میں آئیں۔


اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر اپنے حالیہ وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے ان اداکاراؤں کا ذکر کیا ہے جنہوں نے بچپن میں والد کی عدم موجودگی یا خاندانی ٹوٹ پھوٹ کے باعث مشکلات کا سامنا کیا اور بعد ازاں اپنی محنت سے شوبز میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نام نہیں لے رہی، لیکن ہماری انڈسٹری کی کئی باصلاحیت اور کامیاب اداکارائیں ایسی ہیں جنہیں بچپن میں ان کے والد چھوڑ گئے تھے، وہ اپنی ماؤں کے ساتھ رشتے داروں کے ہاں رہیں، مشکلات کا سامنا کیا اور بعد میں محنت کر کے نمایاں مقام حاصل کیا، کچھ نے شادی بھی کر لی ہے۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں سمجھ نہیں سکتی کہ کوئی باپ اپنے بچوں کو کیسے چھوڑ سکتا ہے، کیا وہ اپنی بیٹیوں کے بارے میں نہیں سوچتے؟ کیا وہ نہیں دیکھتے کہ ان کے بچے آگے بڑھ رہے ہیں، مگر پھر بھی محبت اور توجہ نہیں دیتے؟ یہ صرف اس وجہ سے ہے کہ ان کی اپنی بیویوں سے ناراضی ہوتی ہے، ایسے والدین اپنے بچوں کی طرف واپس نہیں دیکھتے، اللّٰہ ایسے لوگوں کو سزا دے گا۔

اداکارہ کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر مختلف آراء کو جنم دیا ہے، جہاں صارفین اس موضوع پر مختلف انداز میں ردِعمل دے رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید