پاکستانی شاعر عمیر نجمی نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ فلم ’گستاخ عشق‘ میں میری شاعری کا استعمال باضابطہ طور پر اجازت لے کر کیا گیا اور مجھے معاوضہ بھی دیا گیا۔
عمیر نجمی نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ ہدایت کار ویبھو پوری نے 2023ء میں بھارت میں موجود میرے ایک شاعر دوست کے ذریعے مجھ سے رابطہ کیا اور فلم میں میری شاعری شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
عمیر نجمی نے بتایا کہ مجھے مکمل اسکرپٹ بھیجا گیا اور اس میں جہاں جہاں شاعری کا استعمال کرنا چاہتے تھے اس کی نشاندہی کی اور اس حوالے سے میرا مشورہ بھی مانگا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے تو میں نے سوچا کہ کیا یہ کوئی فراڈ ہے لیکن جب مجھے مکمل اسکرپٹ موصول ہوا اور سنجیدگی نظر آئی تو احساس ہوا کہ یہ حقیقت ہے۔
عمیر نجمی نے بتایا کہ مجھے معاوضہ بھی ادا کیا گیا لیکن اگر گلزار کے ساتھ اسکرین پر میرا نام مجھے بغیر معاوضے کے بھی دیکھنے کو ملتا تو میرے لیے کافی ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ اسکرین پر گلزار جیسے بڑے شاعر کے نام کے نیچے اپنا نام لکھا ہوا دیکھنا ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔