آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اسکول آف ویژیول اینڈ پرفارمنگ آرٹس کے تدریسی اراکین محسن علی اور عالم زیب خان کو گوئٹے انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے جرمنی میں اعلیٰ تربیتی پروگرام کے لیے منتخب کر لیا گیا۔
یہ موقع آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے اپنے پیشہ ور افراد کی استعداد کار میں اضافے، بین الاقوامی تعاون کے فروغ، تکنیکی مہارتوں کے ارتقا اور پاکستان کے ثقافتی شعبے کو عالمی سطح پر مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
کراچی آرٹس کونسل اپنے پیشہ ور افراد کی ترقی اور بین الاقوامی ثقافتی تبادلوں کے فروغ کے عزم کے تحت ایک اور اہم کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہی ہے۔
محسن علی اور عالم زیب خان کو جرمنی کے معروف تھیٹر’’ Münchner Kammerspiele‘‘ میں ایک ماہ پر مشتمل باوقار ’ریذیڈنسی اور تربیتی پروگرام‘ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
اس دوران محسن علی کو ساؤنڈ ڈیزائن جبکہ عالم زیب خان کو لائٹنگ ڈیزائن کے شعبے میں جدید تربیت دی جائے گی۔ اس موقع کے ذریعے دونوں فنکار عالمی معیار کے ماحول میں جدید پروڈکشن طریقوں اور تکنیکی مہارتوں سے استفادہ کریں گے۔
واضح رہے کہ جرمنی کے شہر میونخ میں واقع Münchner Kammerspiele کا شمار یورپ کے صفِ اول کے تھیٹرز میں ہوتا ہے، جو معاصر فنِ اداکاری، جدت طرازی اور فنی معیار میں اپنی غیرمعمولی خدمات کے باعث بین الاقوامی سطح پر ممتاز مقام رکھتا ہے۔