• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہ قطار نہ انتظار، حج 2027ء کی آن لائن رجسٹریشن جاری، فیس کوئی نہیں

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان میں حج 2027ء کی آن لائن رجسٹریشن شروع ہو چکی ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کی مدد سے حج آپریشن پیپر لیس اور اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائز ہو گیا، آن لائن پورٹل اور پاک حج موبائل ایپ سے رجسٹریشن کا عمل نہایت آسان ہو گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے 24 گھنٹے میں 20 ہزار 124 افراد نے آن لائن حج رجسٹریشن کرا لی جبکہ آن لائن پورٹل پر پہلے 24 گھنٹے میں 30 ہزار سے زائد صارفین نے یوزر اکاؤنٹ بنائے۔

حج 2027ء کی آن لائن رجسٹریشن سرکاری اور پرائیویٹ تمام عازمین کے لیے لازمی ہے، درخواست گزاروں کو فیملی گروپ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق حج پری رجسٹریشن کے وقت ڈیجیٹل تصویر، شناختی کارڈ یا ب فارم ہونا ضروری ہے، جبکہ کارآمد پاکستانی پاسپورٹ کی شرط اگلے مرحلے پر لازمی ہو گی۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قومی آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج کو ڈیجیٹائز کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی کسی بھی ملک سے حج کے لیے رجسٹریشن کروا سکیں گے، حج رجسٹریشن کی کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید