• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزن بڑھنے پر نمرا خان کے شوہر نے کیا کہا؟

—فائل فوٹوز
—فائل فوٹوز

پاکستانی اداکارہ نمرا خان نے حال ہی میں اپنے وزن میں اضافے، اس حوالے سے درپیش ذہنی دباؤ اور اپنے شوہر کے ردِعمل کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔

نمرا خان حال ہی میں برطانیہ میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں، وہ ایک معروف پاکستانی ٹی وی اداکارہ ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی خاصی مقبول ہیں۔

ان کے انسٹاگرام پر 4.7 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں، جبکہ نمایاں ڈراموں میں اے مشتِ خاک، احرامِ جنون، اڑان، خوب سیرت، باغی، اُمِ عائشہ اور سارہ آپی شامل ہیں۔

حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں شرکت کے دوران نمرا خان نے شادی کے بعد وزن بڑھنے اور اس حوالے سے اپنے شوہر کے رویے پر بات کی۔

اداکارہ نے کہا کہ الحمدللّٰہ! میری حال ہی میں شادی ہوئی ہے، اس لیے میں خوشی خوشی کھا رہی ہوں اور وزن بھی بڑھ رہا ہے لیکن میرے شوہر ہمیشہ یہی کہتے ہیں کہ آپ جو چاہیں کریں، بس خوش رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ میرے شوہر وزن کے حوالے سے دباؤ نہیں ڈالتے، تاہم میں خود اپنے وزن کے بارے میں حساس ہوں۔

نمرا خان کے مطابق میں اپنے وزن کے باعث بعض اوقات پریشان اور افسردہ ہو جاتی ہوں، میں اس بارے میں بہت زیادہ سوچتی ہوں، لیکن میرے شوہر مجھے مشورہ دیتے ہیں کہ اپنے لیے اہداف مقرر کروں اور ایک صحت مند معمول اپناؤں، اگر آپ مستقل مزاجی سے صحت مند روٹین اختیار کریں تو نتائج ضرور سامنے آتے ہیں، میں اسکیپنگ اور زومبا کرتی ہوں تاہم حالیہ عرصے میں میرا وزن مزید بڑھا ہے۔

وزن کم کرنے کے عمل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نمرا خان نے کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ جسم کا میٹابولزم سست ہو جاتا ہے، جس کے باعث وزن کم کرنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے بارے میں سوچ کر مجھے پریشانی ہوتی ہے اور اس کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید