پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر، کنٹینٹ کری ایٹر اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار کنول فاروق نے حال ہی میں اپنی ناکام شادی اور اس کے بعد پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔
کنول فاروق کو ریئلٹی شو ’تماشہ سیزن 4‘ میں شرکت کے بعد ملک بھر میں خاصی شہرت حاصل ہوئی، تاہم حالیہ انٹرویو میں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے ایک تکلیف دہ باب پر روشنی ڈالی۔
ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے کنول فاروق نے انکشاف کیا کہ میری شادی ناکام ثابت ہوئی اور اس تجربے نے مجھے جذباتی طور پر شدید متاثر کیا۔
گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے سابق شوہر سے اس وقت شادی کی جب میرے پاس زیادہ مالی وسائل موجود نہیں تھے۔
کنول کے مطابق میرے دوستوں نے ہمارے لیے انگوٹھی کا انتظام کیا تاکہ میں اپنے اہلِ خانہ کو رشتہ دکھا سکوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے شریکِ حیات کی محبت اور وعدوں پر مکمل اعتماد کیا، لیکن بعد ازاں مجھے شدید دل آزاری کا سامنا کرنا پڑا اور بالآخر یہ رشتہ طلاق پر ختم ہوا۔
اگرچہ کنول فاروق نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم ماضی کی یادیں اب بھی انہیں جذباتی کر دیتی ہیں۔
اپنی گفتگو کے دوران وہ کئی مواقع پر آبدیدہ بھی ہو گئیں اور کہا کہ اس تجربے کے بعد کسی نئے رشتے کے بارے میں سوچنا میرے لیے آسان نہیں رہا۔
کنول فاروق کے انکشافات کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کے لیے ہمدردی اور حمایت کا اظہار کیا جا رہا ہے، ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کوئی کسی دوسرے انسان کو اتنا درد کیسے دے سکتا ہے؟
ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ کنول! آپ بہت مضبوط ہیں، ہم آپ کے درد کو محسوس کر سکتے ہیں۔
ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ آپ ایک بہادر لڑکی ہیں، آپ کو کسی کے سامنے وضاحت دینے کی ضرورت نہیں۔