• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلمی دنیا میں جب قدم رکھا تو راستہ آسان نہیں تھا: پریانکا چوپڑا

پریانکا چوپڑا—فائل فوٹو
پریانکا چوپڑا—فائل فوٹو

بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں پیش آنے والی مشکلات پر کھل کر بات کی ہے۔

کانز لائنز کانفرنس کے دوران ایک خصوصی سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے کہا کہ جب میں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا تو راستہ آسان نہیں تھا، کیونکہ میرے والدین ڈاکٹر تھے اور فلم انڈسٹری سے ان کا کوئی تعلق نہیں تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس زمانے میں فلمی صنعت ایک محدود اور مخصوص شعبہ سمجھی جاتی تھی، جہاں نئے آنے والوں کے لیے رہنمائی اور مواقع حاصل کرنا آسان نہیں تھا۔

پریانکا چوپڑا نے کہا کہ میرے والدین ڈاکٹر تھے، اس لیے ہم میں سے کسی کو بھی یہ معلوم نہیں تھا کہ فلم انڈسٹری میں کس طرح آگے بڑھا جاتا ہے، جب میں نے آغاز کیا تو اگر کسی کو فلم سازی کے شعبے میں آنا ہوتا تھا تو اسے خود ہی یہ سمجھنا پڑتا تھا کہ وہ کس شعبے میں کام کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارتی سنیما کو عالمی سطح پر وہ اہمیت حاصل نہیں تھی جو آج ہے، ہمیں اکثر بتایا جاتا تھا کہ بھارتی فلمیں کبھی بھی ہالی ووڈ کی طرح عالمی شہرت حاصل نہیں کر سکتیں کیونکہ وہ انگریزی زبان میں نہیں بنتیں۔

پریانکا نے کہا کہ مجھے کہا جاتا تھا کہ بھارتی سنیما کبھی ہالی ووڈ جتنا نہیں بن سکتا، کیونکہ ہماری فلمیں مختلف زبانوں ہندی، تیلگو اور مراٹھی وغیرہ میں بنتی ہیں، جنہیں دنیا بھر کے لوگ نہیں سمجھتے۔

اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ وقت کے ساتھ حالات بدل گئے ہیں اور آج بھارتی سنیما عالمی سطح پر اپنی مضبوط شناخت بنا چکا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید