• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روینہ ٹنڈن نے 22 سال بعد اکشے کمار کیساتھ کام کرنے پر کیا کہا؟

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ روینہ ٹنڈن 22 سال بعد اداکار اکشے کمار کے ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں۔

روینہ ٹنڈن اور اکشے کمار 22 سال کے بعد ایک بار پھر فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

اس حوالے سے اداکارہ نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ اداکار سنیل شیٹی، اکشے کمار اور ڈائریکٹر احمد خان کے ساتھ دوبارہ کام کر کے بہت اچھا لگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب پرانے دوست ہیں اور ایک دوسرے کو کافی عرصے سے جانتے ہیں، فلم میں موجود سینئر اداکارہ فریدہ نے بھی فلم ’ضدی‘ سمیت دیگر بہت سی فلموں میں میری ماں کا کردار ادا کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم سب شوٹنگ کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ ہنسی مذاق بھی کرتے رہے، مجھے لگتا ہے کہ ہمارا بہت خوش گوار وقت گزرا۔

روینہ ٹنڈن نے یہ بھی کہا کہ اکشے کے بارے میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ وہ ایک بہترین اور شاندار اداکار تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، وہ اپنے کام میں جان لگا دیتے ہیں اور شاید وقت کے ساتھ اس جوش اور جذبے میں اضافہ ہو گیا ہے، اب وہ اپنے فن میں مہارت بھی حاصل کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن کو آخری بار اسکرین پر ساتھ 2004ء میں فلم ’پولیس فورس: این انسائیڈ اسٹوری‘ میں دیکھا گیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید