• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم عاشور پر حضرت امام حسینؓ اور انکے ساتھیوں کی یاد میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس و مجالس

کراچی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا - فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا - فوٹو: اے ایف پی

کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں پر ڈھائے گئے مظالم کی یاد میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے گئے اور مجالس برپا کی گئیں۔

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔

یوم عاشور کے جلوس سے قبل نشتر پارک میں صبح سویرے مجلس برپا کی گئی جس سے علامہ شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس میں شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی۔

مجلس کے بعد نشتر پارک سے شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح جلوس برآمد ہوئے۔ جلوس میں ہزاروں عزادار مرد، خواتین اور بچے بھی شریک تھے۔ جلوس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

پشاور میں یومِ عاشور کے تمام ماتمی جلوس اختتام پذیر ہوگئے۔ جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

ادھر لاہور میں نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہونے والا یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

روہڑی میں طویل دوراینے کا نو ڈھالہ تعزیہ جلوس 36 گھنٹے کی مسافت طے کرکے اور منڈو کھبڑ اور کربلا میدان میں قیام کے بعد شہداء قبرستان اسٹیشن روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس9  محرم کی رات شمع گل ہونے کے بعد امام بارگاہ شاہ عراق سے برآمد ہوا تھا۔

حیدرآباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہوا، جو کربلا دادن شاہ پر ختم ہوا۔

میرپور خاص، بدین، جیکب آباد، لاڑکانہ، نواب شاہ، خیرپور، سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

ملتان میں یوم عاشور کا امام بارگاہ حرا حیدریہ سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس درگاہ شاہ شمس تبریز پہنچ کر ختم ہوا۔ قدیمی استاد اور شاگرد کے تعزیوں کے جلوس بھی برآمد ہوئے۔

فیصل آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ عزا خانہ شبیر دھوبی گھاٹ پر ختم ہوا، عزاداروں نے امامؓ عالی مقام اور ان کے ساتھیوں کو سلام پیش کیا۔

چنیوٹ میں کئی کئی من وزنی قدیمی تعزیوں کے جلوس روایتی راستوں سے گزرنے کے بعد اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔

گوجرانوالہ، بہاولپور، راجن پور، جھنگ، سرگودھا، لودھراں، ڈی جی خان، وہاڑی، جہلم، شکر گڑھ سمیت دیگر علاقوں سے نکالے گئے جلوس پُرامن طور پر اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔

گلگت میں مرکزی جلوس مرکزی امامیہ مسجد پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ اسکردو، استور سمیت گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں بھی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ یوم عاشور کے جلوس نکالے گئے۔

پاڑا چنار، نوشہرہ، مانہسرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ، بنوں، میں شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس نکالےگئے۔

بلوچستان میں جعفرآباد، نصیرآباد اور خضدار میں بھی عزاداروں نے راہ حق میں عظیم قربانی دینے والوں کو سلام عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی میں مرکزی جلوس کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے تعاون پر جلوس کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ذمے داری ہے۔ پولیس کے 7 ہزار جوان جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے تعینات کیے گئے۔

مریم اورنگزیب کا لاہور میں محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کا لاہور میں محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور یومِ عاشور کے مرکزی جلوس اور اختتامی پوائنٹ پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے سیکیورٹی انتظامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ 

دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا عزاداروں کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے پنجاب حکومت نے ہر ممکن انتظامات کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع میں امن کمیٹیاں بھرپور کردار کر رہی ہیں، پنجاب بھر میں صورتِ حال کی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید