بھارتی ریاست تلنگانہ کی پولیس نے قرض، جائیداد کے تنازع اور ذاتی دشمنی کے باعث 1 ہی خاندان کے 4 افراد کے قتل کا معمہ حل کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی ملزم نے واردات سے قبل انٹرنیٹ پر قتل کرنے اور پولیس سے بچنے کے طریقے سیکھے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم مالی مشکلات کا شکار اور پہلے سے متاثرہ خاندان کا مقروض تھا، اس نے مقتولہ (اپنی اہلیہ کی خالہ) سے مزید قرض اور جائیداد اپنے نام کرنے کا مطالبہ کیا لیکن انکار پر ملزم نے مقتولہ، اس کے بیٹے، بیٹی اور شوہر کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔
ملزم نے 19 جون کی صبح اپنے ساتھیوں کے ساتھ خالہ ساس کے گھر میں گھس کر پہلے خالہ، پھر ان کے شوہر، بیٹے اور بیٹی کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔
واردات کے بعد ملزمان نقد رقم، سونا اور جائیداد کے کاغذات لے کر فرار ہو گئے تھے جبکہ چرایا گیا سونا 5 لاکھ 30 ہزار روپے میں گروی رکھ دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے 3 لاکھ روپے نقد، سونا، آلۂ قتل، خون آلود کپڑے، موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس مقدمے میں 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ 2 دیگر فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔