• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد و گرد و نواح، لاہور، میانوالی شہر اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، راولپنڈی ریجن، چکوال اور جھنگ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔

خیبر پختونخوا کے علاقوں شانگلہ اور بونیر مں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، مردان، چارسدہ، سوات، صوابی، کوہٹ، کرک، ملاکنڈ، باجوڑ، ہنگو میں بھی زلزلہ آیا، پشاور میں زلزلے کے باعث اسمبلی اجلاس 5 منٹ کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

لوئر دیر، جنوبی وزیرستان، وانا دیامر شہر و گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے،  اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں وادی نیلم ضلعی ہیڈ کواٹر آٹھ مقام ، مظفر آباد سمیت گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی 178 کلو میٹر اور مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا، زلزلے کے جھٹکے شام 6 بج کر 35 منٹ پر محسوس کیے گئے۔

یورپی زلزلہ مرکز کا کہنا ہے کہ افغانستان، ہندوکش ریجن میں زلزلہ آیا، جس کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب

پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے،  متعلقہ انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے،  کنٹرول روم اور پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی آپریشن سنٹرز فعال ہیں۔

قومی خبریں سے مزید