دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کی ٹیم ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہوگئی، انگلینڈ نے اُسے آخری گروپ میچ میں 9 وکٹ سے شکست دے دی۔
اوول کے تاریخی گراؤنڈ پر ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ میں 6 وکٹ پر 163 رنز اسکور کئے، کپتان میلی کیر نے 42 ، سوفی ڈیوائن نے 30 اور ایزا بیلا گیز نے 28 رنز اسکور کئے، ڈینی گبسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں.
جواب میں انگلینڈ ویمن نے ہدف اٹھارہویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، ڈینی ویٹ ہوج نے 53 گیندوں پر 89 رنز کی اننگز پندرہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے کھیلی، سوفیہ ڈنکلے نے 49 رنز اسکور کئے، دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 128رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔
انگلینڈ کی اس جیت نے دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کو ایونٹ سے آؤٹ کردیا جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آخری میچ میں آئرلینڈ سے شکست کے باوجود سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرگئی۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کئے جارہے ہیں۔