چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک چھوٹا تربیتی طیارہ شہر کی بلند ترین عمارت سی آئی ٹی آئی سی ٹاور سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔
چینی حکام کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کی شام پیش آیا، جب ایک انجن پر مشتمل دو نشستوں والا اورورا SA60L اسپورٹس طیارہ 109 منزلہ اور 528 میٹر بلند سی آئی ٹی آئی سی ٹاور سے جا ٹکرایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں صرف پائلٹ سوار تھا، جو حادثے میں موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ عمارت میں موجود 13 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
یہ عمارت بیجنگ کے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ میں واقع ہے، جو فاربڈن سٹی سے تقریباً 6 کلومیٹر اور چینی قیادت کے سرکاری کمپاؤنڈ ژونگ نان ہائی کے قریب واقع ہے۔
حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم واقعے نے بیجنگ کی سخت فضائی نگرانی اور سیکیورٹی انتظامات پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
چین میں دارالحکومت کی فضائی حدود میں کسی بھی طیارے کی پرواز کے لیے چین کی سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس سے پیشگی اجازت لینا لازمی ہوتی ہے۔
پرواز کی ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24 کے مطابق B-12PP رجسٹریشن نمبر والا طیارہ بیجنگ کے مشرقی ضلع پنگگو میں واقع شیفوسی ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا۔
طیارے نے شہر کی جانب دائرے کی شکل میں پرواز کی اور اس کا آخری سگنل چاؤیانگ ضلع میں ریکارڈ کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ طیارہ بیجنگ کی کمپنی ڈونگشی شوانگیو جنرل ایوی ایشن کی ملکیت تھا، جو سیاحتی فضائی سیر اور فلائٹ ٹریننگ کی خدمات فراہم کرتی ہے، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔