• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسطی غزہ میں اسرائیلی حملہ، 3 فلسطینی پولیس اہلکار شہید

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

وسطی غزہ کے المغازی پناہ گزین کیمپ کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 3 فلسطینی پولیس اہلکار شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

فلسطینی وزارتِ داخلہ کے مطابق حملے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا، شہید اہلکاروں کی شناخت کیپٹن منصور سمی شحتوت، کیپٹن محمد خالد نوفل اور فرسٹ سارجنٹ مہدی نادر جبر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

وزارتِ داخلہ نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا مقصد غزہ میں بدامنی پھیلانا ہے۔

وزارت نے عالمی برادری اور جنگ بندی کے ضامن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل پر حملے روکنے اور جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔

دوسری جانب حماس نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے اگلے مرحلے پر عمل درآمد کے لیے فلسطینی دھڑوں اور ثالث ممالک کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔

حماس کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی حملوں اور انسانی امداد پر پابندیوں کو جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید