• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں دہشتگرد حملے میں شہید سندھ رینجرز کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

کراچی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے۔ 

ان جوانوں نے بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے بزدلانہ دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔ 

شہدا کی نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کا حساب لیا جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی کرنے والے عناصر چاہیے وہ کہیں بھی ہوں سیکیورٹی فورسز ان کا پیچھا کر کے کیفرِ کردار تک پہنچائیں گی۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ملک سے اس کے خاتمہ کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے رینجرز کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جن کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

بعد از نماز جنازہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ اس جگہ کا دورہ بھی کیا جہاں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔

قومی خبریں سے مزید