• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹرز کی پرفارمنس بہتر بنانے کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کا طریقہ کار تبدیل کیا جا رہا ہے: مائیک ہیسن

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن—فوٹو بشکریہ رپورٹر
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن—فوٹو بشکریہ رپورٹر

پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا طریقہ کار تبدیل کیا جا رہا ہے۔

مائیک ہیسن نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فارمیٹس کے لیے ایک سینٹرل کنٹریکٹ کا طریقہ کار ختم ہو چکا ہے، ٹی 20 فارمیٹ کے کھلاڑی کو فرسٹ کلاس کھیلنے کا کہا جائے گا تو وہ اپنے فارمیٹ میں اسپیشلائزڈ نہیں ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میں خود کو ماہر ثابت کرنا ہے تو پھر فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا ہو گی، اب پی سی بی ایسا کنٹریکٹ بنا رہا ہے جس سے کرکٹرز اسپیشلائزڈ ہو کر پرفارمنس کو بہتر کریں۔

وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا ہے کہ پہلے ہم نہ ہوم سیریز جیت رہے تھے اور نہ ہی بیرونِ ملک سیریز جیت رہے تھے، 20فیصد میچز جیتنے والی ٹیم اگر ملے تو یہ ایک چیلنج ہوتا ہے، ہم اب ماضی کے مقابلے میں زیادہ سیریز جیت رہے ہیں، اب 20 فیصد سے 70 فیصد تک پہنچے ہیں۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ جب 20 فیصد کامیابی کی شرح ہو تو ایسے میں آئی سی سی ایونٹس نہیں جیتے جا سکتے، 2023ء، 2024ء اور 2025ء میں ہم آئی سی سی ایونٹس میں پہلے راؤنڈ سے آگے نہیں گئے، 2026ء میں ہم سپر 8 مرحلے میں گئے، ہم ایک میچ انگلینڈ سے ہارے، ایک میچ ہمارا بارش کی نذر ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ میں ہمیں 4 اور 5 ویں نمبر کی ٹیم کہا گیا لیکن ہم فائنل کھیلے، میں سمجھتا ہوں کہ ابھی بھی بہتری کی ضرورت ہے اور بہتری آئے گی، ہمیں باقاعدگی سے جیتنا ہے، ایشین گیمز کے لیے جو کرکٹرز شامل نہیں وہ ابھی مقابلے میں رہیں گے۔

وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ہمارے پاس 15 ماہ کا وقت ہے، ہمیں اپنا پول بڑھانا ہے اور مزید 6 ماہ نوجوانوں کو آزمانا ہے، ہم نے ایشین گیمز میں نوجوان کھلاڑیوں کو ایکسپوژر دینا ہے، اس لیے ایسے کمبی نیشن کا انتخاب کیا، ہم ان کھلاڑیوں کو ایکسپوژر دے کر خود کو موقع دے رہے ہیں کہ ایسے کھلاڑی دیکھ سکیں جنہیں ہم چاہتے ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ایشین گیمز میں صرف بھارت نہیں ہے بلکہ کئی دوسری اچھی ٹیمیں بھی ہیں، افغانستان ٹی 20 میں ہمیشہ خطرہ ہے، سری لنکن ٹیم بہتر ہو رہی ہے، ہم ایشین گیمز میں صرف ایک ٹیم کے بارے میں نہیں سوچ سکتے، ہماری ٹیم کا توازن اچھا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید