عمان کے وزیرِ خارجہ بدر البوسعیدی نے کہا ہے کہ مسقط آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر ٹرانزٹ فیس عائد کرنے کی حمایت نہیں کرتا۔
فرانسیسی ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو میں عمانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ سمندری، ماحولیاتی اور جہاز رانی کی خدمات کے عوض رضاکارانہ بنیادوں پر فیس وصول کرنے پر بات چیت کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی خدمات میں جہاز رانی کی حفاظت بہتر بنانا، سمندری آلودگی سے تحفظ اور ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کی تیاری شامل ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران اور عمان کی آبنائے ہرمز سے متعلق مشترکہ کمیٹی کے پہلے اجلاس کے حوالے سے ایرانی نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا تھا کہ دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظامی امور پر تبادلۂ خیال کیا اور اس حوالے سے مشترکہ مفاہمت قائم ہوئی ہے۔
کاظم غریب آبادی کے مطابق عمان نے بھی ساحلی ریاست ہونے کے ناتے انتظامی عمل میں شریک ہونے اور فراہم کی جانے والی خدمات کے عوض فیس وصول کرنے کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔