قطر کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن حسن آل ثانی سے ایران کے قائم مقام وزیرِ دفاع میجر ابن رضا نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
قطری وزارتِ دفاع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ سیکیورٹی صورتِ حال کا جائزہ لیا اور موجودہ حالات میں باہمی رابطوں اور مشترکہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز کے تنازع پر ایران اور امریکا کے درمیان جوابی فوجی کارروائیوں کے بعد خلیجی ممالک میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
ایران نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا جسے اس نے اپنی سرزمین پر امریکی حملوں کا جواب قرار دیا۔
دوسری جانب خلیجی تعاون کونسل نے ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے اقدامات خطے میں امن، سلامتی اور بحران کے پُرامن حل کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔