کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں جائیداد کے تنازع پر دوست کو آئی فون اور 15 ہزار روپے کا لالچ دے کر والد کو قتل کروانے والے دوسرے بیٹے کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم نے بھائی کو والد کے قتل کی اجازت دی تھی۔
اس سے قبل پولیس نے ابراہیم حیدری میں کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، گرفتار ملزمان میں مقتول اقبال کا بیٹا اعجاز اور اس کا دوست شیراز شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق بیٹے نے دوست کو 15 ہزار روپے اور فون کا لالچ دے کر والد کو قتل کروایا، ملزم شیراز نے 23 جون کو اقبال کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
ملزم اعجاز کا اپنے والد سے جائیداد پر تنازع چل رہا تھا، ملزم سے قتل میں استعمال اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلیا گیا، جبکہ قتل میں ملوث تیسرے شخص مقتول کے بیٹے ملزم جمشید کو بھی گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جمشید نے اعتراف کیا کہ والد کو قتل کرنے کی اجازت بھائی کو میں نے دی تھی، ابو بڑے بھائی اعجاز کو مارتے تھے۔