وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ لاہور میں غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کا معاملہ خوامخواہ اچھالا جا رہا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ نان ایشو کو ایشو بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ گھٹیا ذہن ایک خاص مقصد کےلیے اس معاملے کو اچھال رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں غیرملکی خواتین کے مبینہ اغوا و زیادتی کے معاملے کو خوامخواہ اچھالا جا رہا ہے، اس معاملے کو کھینچ کر اسحاق ڈار کی طرف لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سینیٹر رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ ہر انسان اپنے قول و فعل کا خود ذمہ دار ہے، خواتین کا 164 کا بیان ریکارڈ ہو چکا، جو ملزمان کو سزا دلانے کےلیے کافی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ انویسٹی گیشن ایجنسی کو اس کیس کے مکمل شواہد میسر ہیں، ملزمان کا چالان، مقدمہ چلانے کےلیے اور کسی چیز کی ضرورت نہیں۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر غیرملکی خواتین کو بلایا جاسکتا ہے۔
رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ سینیٹر فیصل واوڈا کا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا استعفیٰ مانگنا انتہائی بےبنیاد ہے۔