• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کے اجلاس میں شیخ رشید اور خورشید شاہ آپس میں الجھ پڑے

اسلام آباد (رپورٹ: وقار ستی) مشترکہ اپوزیشن کی ٹی او آر کمیٹی میں شیخ رشید اور خورشید شاہ آپس میں الجھ پڑے۔ شیخ رشید نے کہا آپ حکومت کے لئے نرم گوشہ رکھتے ہیں‘ خورشید شاہ بولے کہ آپ بھی چوہدری نثار کے لئے نرم رویہ رکھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی ٹی او آرز کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں شروع ہوا تو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اسحاق ڈار سے ملاقات کا احوال بتانا شروع کیا‘ اس دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اپوزیشن لیڈر کی وزراء سے ملاقاتوں پر سیخ پا نظر آئے۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے خورشید شاہ پر حکومت کے لئے نرم گوشہ رکھنے کا الزام لگایا اور سوال اٹھایا کہ پاناما لیکس اور حکومت مخالف معاملات پر آپ نرمی کیوں دکھاتے ہیں‘ اس پر خورشید شاہ نے کہا کہ شیخ صاحب آپ بھی تو چوہدری نثار کے لئے نرم رویہ رکھتے ہیں اور ان کی طرفداری کرتے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں تو نوازشریف اور حکومت کے سخت خلاف ہوں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنمائوں کی گرما گرمی کے دوران دیگر رہنما غیرجانبدار رہے۔ اجلاس میں خورشید شاہ‘ اعتزاز احسن‘ بیرسٹر سیف‘ شاہ محمود قریشی‘ آفتاب شیر پائو‘ شیخ رشید‘ الیاس بلور اور اسرار اللہ زہری شریک ہوئے۔ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ بیرون ملک ہونے کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
تازہ ترین