• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیوی بھتہ فوری ختم ہونا چاہیے: حافظ نعیم الرحمٰن

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن—فائل فوٹو
امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن—فائل فوٹو

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ لیوی بھتہ فوری ختم ہونا چاہیے، پیٹرول کے ہر لیٹر پر غریب عوام سے ٹیکس لیا جا رہا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی ہمیشہ عوامی بات کرتی ہے اور عوام کے مسائل کے لیے سڑکوں پر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 90 فیصد آبادی موٹر سائیکل چلاتی ہے، ہر 1 لیٹر پیٹرول پر ہم 100 سے زائد ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ حکومت نے پورے ملک کو گیس سلنڈر پر لگا دیا، ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 ہے اور 500 روپے میں مل رہی ہے، جب تک ہم سڑکوں پر آ کر احتجاج نہیں کریں گے تب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو گا۔

امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں پچھلے ہفتے 1 روپے 97 پیسے کم کیے گئے، اگر ہم احتجاج نہ کرتے تو حکومت نے پیٹرول کی قیمت کم نہیں کرنی تھی، کسی بھی صورت پیٹرول کی قیمت 225 روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران گاڑیاں تو بڑی رکھ لیتے ہیں لیکن اپنا کام پورا نہیں کرتے، اگر ایف بی آر کے افسران اپنا کام ٹھیک کریں تو غریب پر ٹیکس کا بوجھ کم ہو جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کا مقصد ریفائنریز کی بہتری تھا، حکومت نے لیوی کے اربوں جمع کیے، لیکن ریفائنریز میں بہتری نہ آئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ غریبوں، مڈل کلاس، عام لوگوں سے ٹیکس لیا جا رہا ہے، طالب علم، مزدور موٹر سائیکل چلانے والوں سے لیوی لی جا رہی ہے، مڈل کلاس 800 یا 1000 سی سی کی گاڑیاں چلاتے ہیں، بڑے بڑے جاگیرداروں سے ٹیکس نہیں لیا جا رہا، جن پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا ان سے ٹیکس لیا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید