فرانس میں لگژری شیشے کی مصنوعات بنانے والی معروف کمپنی لالیک کے عجائب گھر سے لاکھوں یورو مالیت کے زیورات چوری کر لیے گئے۔
کمپنی اور تحقیقات سے وابستہ ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح نامعلوم ملزمان نے شمال مشرقی فرانس کے علاقے ونگن سر موڈر (Wingen-sur-Moder) میں واقع لالیک میوزیم میں ڈکیتی کی واردات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان صبح تقریباً ساڑھے 5 بجے میوزیم میں داخل ہوئے اور سیدھا زیورات کے حصے کا رخ کیا۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق واردات کے دوران تقریباً 20 قیمتی زیورات چرائے گئے جن کی مالیت ممکنہ طور پر 40 لاکھ یورو کے قریب ہو سکتی ہے۔
میوزیم انتظامیہ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے بیان میں بتایا ہے کہ ڈکیتی کے باعث عجائب گھر کچھ روز تک عوام کے لیے بند رہے گا۔
پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ میوزیم میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ میوزیم آرٹ نووو اور آرٹ ڈیکو طرز کے معروف جیولر اور شیشہ ساز رینے لالیک کے فن اور کام کے لیے وقف ہے، اسے 2011ء میں کمپنی کی فیکٹری کے قریب قائم کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پیرس کے لوور میوزیم میں دن دہاڑے ہونے والی ایک بڑی ڈکیتی کے بعد فرانس کے عجائب گھروں اور آرٹ گیلریوں کی سیکیورٹی بھی توجہ کا مرکز بنی تھی۔
اس واردات میں ملزمان 8 منٹ سے بھی کم وقت میں تقریباً 102 ملین امریکی ڈالرز مالیت کے زیورات لے کر فرار ہو گئے تھے۔