ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے، نئے تنازع کا آغاز کسی کے مفاد میں نہیں۔
اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں، ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ امن کے حصول کے لیے مسلسل رابطے، مذاکرات اور سفارتکاری کا کوئی متبادل نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام فریق اسلام آباد مفاہمتی یاد داشت کے تحت کیے گئے اپنے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت باہمی احترام، افہام و تفہیم کی ایک مضبوط بنیاد ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مفاہمتی یادداشت خطے سمیت دنیا میں مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک مضبوط بنیاد ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔