بھارتی بدنامِ زمانہ گینگ لارنس بشنوئی کے خلاف عالمی سطح پر کریک ڈاؤن مزید تیز ہو گیا، امریکا کے بعد فرانس اور کینیڈا نے بھی گینگ سے وابستہ افراد کے خلاف بڑی کارروائیاں کی ہیں۔
کینیڈین رائل ماؤنٹڈ پولیس کے مطابق لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک گریندر دیو کو فرانس میں گرفتار کر لیا گیا ہے، اسے کینیڈا منتقل کرنے کے لیے حوالگیٔ ملزمان کا عمل شروع کیا جائے گا۔
امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق 40 سالہ گریندر دیو ’ڈاکٹر‘، ’راکٹ‘ اور ’رِٹز کارلٹن‘ کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے، جو گینگ کے مالی اور منشیات سے متعلق نیٹ ورک میں اہم کردار ادا کرتا تھا، اس پر جنوبی کیلیفورنیا سے امریکا کے مشرقی علاقوں تک بڑی مقدار میں کوکین اور ہیروئن پہنچانے کا الزام ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں جون 2025ء میں تقریباً 99.2 کلو گرام کوکین اور 1 کلو گرام ہیروئن کی کھیپ ضبط کی گئی تھی جس میں گریندر دیو نامزد ملزم ہے۔
دوسری جانب کینیڈا کے امیگریشن اور ریفیوجی ٹربیونل نے گینگ کے مبینہ رکن جشندیپ سنگھ کو بھارت واپس بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
جشندیپ سنگھ پر کامیڈین کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا ہتھیار چھپانے میں مدد دینے کا الزام ہے تاہم اس کے خلاف اب تک کوئی باضابطہ فوجداری مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
جشندیپ سنگھ 2022ء میں اسٹوڈنٹ ویزے پر کینیڈا آیا تھا اور اس نے تمام الزامات مسترد کیے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گینگ سے منسلک ارشدیپ سنگھ کو بھی کینیڈا سے بھارت ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ کارروائیاں فرانس، امریکا، کینیڈا اور یورپ میں لارنس بشنوئی گینگ اور اس کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف جاری وسیع کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں۔
رواں ہفتے بین الاقوامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی میں امریکا، کینیڈا اور یورپ سے مجموعی طور پر 24 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے جن پر قتل، منشیات اسمگلنگ، بھتہ خوری اور سرحد پار جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔