بھارتی شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تاجر پبّا چندر شیکھر اور ان کی اہلیہ سپنا سوئٹزر لینڈ میں چھٹیاں منانے کے دوران لاپتہ ہو گئے، جوڑا 22 جون کو سوئٹزر لینڈ روانہ ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جوڑے کی 23 سالہ بیٹی شریا نے بتایا ہے کہ میرے والدین ابتداء میں اہلِ خانہ سے رابطے میں تھے تاہم 8 جولائی کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا، متعدد کوششوں کے باوجود دونوں کے موبائل فون بند تھے یا نیٹ ورک نہیں مل سکا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طویل عرصے تک رابطہ نہ ہونے پر شریا نے پولیس سے رجوع کیا جس کے بعد لاپتہ افراد کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس جوڑے کے سفری ریکارڈ، امیگریشن تفصیلات اور مالی لین دین کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ ان کے درست مقام اور سوئٹزر لینڈ میں داخلے کی تصدیق کی جا سکے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ چندر شیکھر اور ان کی اہلیہ نے گزشتہ چند برسوں میں 60 سے زائد افراد سے تقریباً 50 کروڑ روپے مختلف کاروباری اور ذاتی ضروریات کا جواز پیش کرتے ہوئے حاصل کیے تھے اور منافع بخش واپسی کا وعدہ کیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جن میں جان بوجھ کر غائب ہونا اور مالی بے ضابطگیوں کے امکانات بھی شامل ہیں۔