• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: جائیداد، سرکاری نوکری کیلئے ماں کو قتل کرنیوالی طالبہ پر باپ کے قتل کا بھی الزام

---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست راجستھان میں اپنی ماں کے مبینہ قتل کے الزام میں گرفتار قانون کی طالبہ آیوشی شرما پر اب اپنے والد کے قتل کا بھی شُبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آیوشی کے ماموں راکیش شرما نے دعویٰ کیا ہے کہ میری بھانجی نے گزشتہ سال اپنے والد وجے شرما کی موت میں بھی کردار ادا کیا تھا۔

پولیس کے مطابق آیوشی ایل ایل بی کے آخری سال کی طالبہ ہے، جس نے اپنی ماں نیرج شرما کے قتل کے لیے اپنے کزن بلرام کی مدد سے 7 لاکھ روپے میں مبینہ طور پر 5 کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل کیں۔

آیوشی کا منصوبہ تھا کہ قتل کو سڑک حادثہ ظاہر کیا جائے گا۔

تحقیقات کے دوران پولیس پر انکشاف ہوا کہ آیوشی اپنی ماں کی جگہ سرکاری ملازمت حاصل کرنا چاہتی تھی اور خاندانی جائیداد پر بھی نظر رکھے ہوئے تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آیوشی کی ماں جے پور کی ایک عدالت میں بطور کلرک نوکری کرنے والی نیرج شرما نے اپنے شوہر وجے شرما کی وفات کے بعد ہمدردانہ بنیادوں پر ملازمت حاصل کی تھی، وجے شرما عدالت میں کورٹ ماسٹر تھے اور گزشتہ سال طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔

ملزمہ آیوشی کے ماموں راکیش شرما کا دعویٰ ہے کہ وجے شرما کو دماغی فالج کے بعد آیوشی اور بلرام ایک نامعلوم اسپتال لے گئے تھے اور 3 ماہ تک خاندان کو ان کے علاج سے لاعلم رکھا تھا۔

بعد ازاں جب اہلِ خانہ وجے کو گھر لائے اور دوسرے اسپتال میں دکھایا تو ڈاکٹروں نے انکشاف کیا کہ ان کے کئی اعضاء ناکارہ ہو چکے ہیں۔

راکیش شرما نے الزام لگایا ہے کہ آیوشی نے اپنے والد کی خوراک کی نالی نکال دی تھی جس کے بعد ان کی موت واقع ہوئی، پولیس اس الزام کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔

پولیس کے مطابق نیرج شرما 3 جولائی کو اپنے چھوٹے بیٹے کو کوچنگ سینٹر چھوڑ کر واپس آ رہی تھی کہ ایک تیز رفتار اسکارپیو گاڑی نے انہیں کچل دیا، تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان ایک ماہ قبل بھی نیرج شرما کو قتل کرنے کی کوشش کر چکے تھے لیکن ٹریفک زیادہ ہونے کی وجہ سے ناکام رہے۔

پولیس نے 5 مبینہ کرائے کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ آیوشی کے کزن بلرام کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق آیوشی، بلرام اور بلرام کے والد موہن نیرج شرما (چچا) کے قتل کی مبینہ سازش کے مرکزی کردار ہیں اور تینوں نے خاندانی جائیداد آپس میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ آیوشی پہلے اپنی ماں پر حملہ کر چکی تھی اور کچھ عرصہ اپنے چچا موہن اور کزن بلرام کے ساتھ رہتی رہی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آیوشی اور بلرام کے درمیان قریبی تعلقات بھی تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید