گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کی مختلف وادیوں میں گزشتہ رات سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
پولیس کے مطابق سیلابی ریلوں سے متعدد مکانات، درخت، فصلیں، رابطہ پل، پن چکیاں اور واٹر چینلز تباہ ہو گئے جبکہ مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
پولیس کے مطابق چلاس میں گونر فارم نرسری کے قریب سیلابی ریلے کے بعد شاہراہِ قراقرم گزشتہ رات سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔
شاہراہ کی بندش کے باعث سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پھنسے ہوئے مسافروں میں بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں جو شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، مسافروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہِ قراقرم کو فوری طور پر ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے۔
دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے اور بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔