بھارتی اداکار اور میزبان شیکھر سمن نے بالی ووڈ اداکار عامر خان کی تیسری شادی پر طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
عامر خان نے اپنی سابقہ اہلیاؤں رینا دتہ اور کرن راؤ سے علیحدگی کے بعد 5 جولائی کو اپنی دیرینہ ساتھی گوری سپراٹ سے نجی تقریب میں شادی کی ہے، جس پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔
شیکھر سمن نے اپنے یوٹیوب چیٹ شو میں طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا ہے کہ عامر خان نے آنے والی نسلوں کو ایک نیا وژن دیا ہے اور وہ یہ ہے کہ جب تک مقصد حاصل نہ ہو، کوشش جاری رکھو۔
انہوں نے کہا کہ خاص طور پر سیاست دانوں کو ان سے بہت کچھ سیکھنا چاہیے، کہا جاتا ہے کہ سیاست داں اتحاد بنانا جانتے ہیں، لیکن اتحاد بنانے کا اصل فن اس شخص سے سیکھنا چاہیے۔
شیکھر سمن نے مزید طنز کرتے ہوئے کہا کہ جہاں موجودہ حکومت ڈبل انجن نظام چلانے میں مشکلات کا شکار ہے، وہیں عامر خان کامیابی سے ٹرپل انجن چلا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق عامر خان مستقبل میں ایک ایسا مشترکہ خاندانی گھر تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں ان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ اور ان کے بیٹے آزاد بھی رہ سکیں۔