بھارتی اداکار اور میزبان شیکھر سمن نے اپنے ٹی وی شو میں ایک بار پھر حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث چھڑ گئی۔
رپورٹس کے مطابق شیکھر سمن نے اپنے پروگرام کے ایک حالیہ ایپی سوڈ میں بھارتی متوسط طبقے کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عام آدمی کو صرف انتخابات کے دوران یاد کرتی ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جیسے آم کا موسم سال میں ایک بار آتا ہے، ویسے ہی عام آدمی کا موسم ہر 5 سال بعد، یعنی انتخابات کے وقت آتا ہے۔
چند روز بعد بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شیکھر سمن کے شو کے پروڈیوسر دھرمیش سنگھانی سے منسلک کمپنی پر غیر ملکی زرمبادلہ قوانین (FEMA) کے تحت چھاپہ مار کارروائی کی۔
حکام کے مطابق تحقیقات مبینہ غیر ظاہر شدہ بیرونِ ملک اثاثوں اور مشکوک بین الاقوامی مالی لین دین سے متعلق ہیں۔
اس کارروائی کے بعد سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہ اقدام شیکھر سمن کی حکومتی تنقید کے بعد سامنے آیا۔
بعد ازاں اپنے اگلے پروگرام میں شیکھر سمن نے ایک اور طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما مسلسل بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں، اس لیے پارٹی کو اپنے دفتر کے باہر ملک کی بہترین اور قابلِ اعتماد ڈرائی کلیننگ سروس کا بورڈ لگا دینا چاہیے۔
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی آرا تقسیم دکھائی دیں، بعض افراد نے شیکھر سمن کے مؤقف کو جرات مندانہ قرار دیا، جبکہ دیگر نے اس معاملے پر مختلف سیاسی آرا کا اظہار کیا۔