• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز خٹک نے مہاجرین کی شکایات کے ازالہ کیلئے کمیٹی قائم کردی، رستم شاہ مہمند کوارڈ ینیٹر مقرر

پشاور ( نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں مہاجرین کے مسائل حل کرنے کے لئے محکمہ داخلہ، پولیس، سپیشل برانچ، محکمہ تعلیم، بھٹہ خشت، افغان مہاجرین کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے کمیٹی مہاجرین کے نمائندوں کی طرف سے اُٹھائی گئی شکایات کا جائزہ لے گی اور ان کو دور کرنے کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ رستم شاہ مہمند کو صوبائی حکومت اور مہاجرین کے درمیان رابطے اور مسائل کے حل کے لئے کوآرڈنیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں رستم شاہ مہمند کی سربراہی میں افغان مہاجرین کے عمائدین کے 15رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ایک بار پھر واضح کیا کہ صوبائی حکومت کے لئے بنیادی مسئلہ غیر رجسٹرڈ غیر ملکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن وفاق کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کئی بار وفاقی حکومت سے رابطہ کر چکے ہیں ان کے لئے فنڈز فراہم کردیئے گئے ہیں جبکہ وفاق نے اکتوبر سے رجسٹریشن شروع کرنے کا کہا ہے۔ افغان حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ ہمارے وفاق سے رابطہ کرے۔ ہمیں سمجھ لینا چاہیئے کہ دُنیاکے حالات تبدیل ہو چکے ہیں اب بغیر شناخت کے آدمی اپنے ملک میں بھی آزادانہ نہیں پھر سکتا۔ انہوں نے کہاکہ بغیر شناخت اور ریکارڈ سے کسی کو گھومنے پھرنے کی اجازت نہیں دے سکتے چاہے وہ پاکستانی ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ بغیر ویزہ کے وزیراعلیٰ بھی کابل نہیں اُتر سکتا۔ ہر ملک میں آنے جانے اور وہاں رہنے کے قواعد و ضوابط ہیں مہاجرین رجسٹریشن کروا کر اپنی ذمہ داری ادا کریں ہم ان کو قانون کے مطابق ان کا حق دیں گے اور تمام جائز مسائل حل کررہے ہیں وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبے کی پولیس بغیر وجہ کسی کو تنگ نہیں کریگی اگر مہاجرین کی جائز شکایات ہیں تو اندراج کرائیں، ازالہ کریں گے۔ہماری پولیس بہترین فورس بن چکی ہے لیکن پھر بھی ان میں غلط لوگ ہو سکتے ہیں اگر افغان مہاجرین رجسٹرڈ ہیں اور ان کے ساتھ واقعی زیادتی ہوئی ہے تواس کا تدارک کریں گے۔ ہمارے چیلنجز کی وجہ سے سر چ آپریشن اکیلے پولیس نہیں بلکہ مشترکہ ٹیمیں کر تی ہیں۔ اس مسئلہ کی وجہ سے ہم سب الزامات کی زد میں ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ مہاجرین کی واپسی بین الاقوامی اور قومی مسئلہ ہے۔ یو این چارٹر کے تحت معاہدوں پر عمل درآمد وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ صوبے کا دائرہ اختیار محدود ہے اور افغان مہاجرین کی واپسی یااس کے برعکس فیصلے کا مجاز وفاق ہے۔دسمبر تک تو سیع دی گئی ہے اگر وفاق واپس بھیجنے کا فیصلہ کر تا ہے تو صوبہ روک نہیں سکتا۔ مہاجرین کو اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے رابطہ کرنا چاہیئے۔ میں افغان مہاجرین کا مسئلہ متعلقہ فورم پر متعد دبار اُٹھا چکا ہوں۔ ہمارے ہاں امن و امان سمیت متعدد چیلنجزدرپیش ہیں ان چیلنجز سے بحسن خوبی عہدہ برآ ہونا ہم سب کے مفاد میں ہے۔ طورخم اور دیگر بارڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ وفاق کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ 14 فارن ایکٹ کے تحت گرفتار افغانوں کو رہا کرنے کا جو قاعدہ قانون ہے اس کے تحت ان کی رہائی ممکن ہے۔ دریں اثنا  وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں فائونڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک  نےفر نٹیر ایجوکیشن فائونڈیشن کو اس کے قانونی مینڈیٹ کے عین مطابق فعال کرنے اور اس سلسلے میں آئندہ کا مکمل لائحہ عمل بنا کر دس دنوںکے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، اس موقع پر صوبائی وزیر برائے خزانہ مظفر سید، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام  بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے فائونڈیشن کے تحت چلنے والے جن کالجز میں انرولمنٹ زیادہ ہے وہاں ایڈمشن جاری رکھنے اور اس مقصد کے لئے مطلوبہ گرانٹ کیلئے پروپوزل بنا کر پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ دو سال کے بعد مذکورہ کالجز کو باضابطہ طور پر سرکاری سطح پر چلانے کیلئے محکمہ اعلیٰ تعلیم ٹیک اوور کرے گا۔ مذکورہ اقدام سے کالجز میں زیر تعلیم طالبات  کے تعلیمی مفاد میں ہے جبکہ بعض کالجز میں حکومتی منصوبے میں شامل نئے کالجز بھی شفٹ کئے جا سکتے ہیں تاکہ نئی عمارتیں نہ بنانا پڑیں۔  
تازہ ترین