بالی ووڈ کی اداکارہ سیلینا جیٹلی نے اپنے سابق شوہر پیٹر ہیگ کے ساتھ جاری قانونی تنازع کے دوران ڈپریشن اور اپنے بچوں سے جدائی کے درد پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔
44 سالہ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پرانی ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ اپنے 3 بیٹوں کے ساتھ خوش گوار لمحات گزارتی نظر آ رہی ہیں۔
ویڈیو پر درج تحریر میں انہوں نے لکھا ہے کہ مجھے کبھی نہیں لگا تھا کہ ٹوٹے ہوئے دل کے ٹکڑے بھی مزید بکھر سکتے ہیں، میں اپنے تینوں بیٹوں کو بے حد یاد کرتی ہوں، امید ہے کہ ایک دن میں دوبارہ اپنے بچوں کے ساتھ ہوں گی۔
اپنی پوسٹ کے کیپشن میں سیلینا جیٹلی نے لکھا کہ لوگ مجھے مضبوط سمجھتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ دکھ اور صدموں نے مجھے بار بار توڑا، انہی مشکلات نے مجھے خود کو سنبھالنا اور زخموں سے نکلنا سکھایا، مگر جب بھی لگتا ہے کہ میں سنبھل گئی ہوں، پرانے زخم پھر سے تازہ ہو جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ سیلینا جیٹلی نے 2025ء میں اپنے سابق شوہر پیٹر ہیگ کے خلاف گھریلو تشدد کے قانون کے تحت مقدمہ دائر کیا تھا، جس کے بعد دونوں کے درمیان قانونی کارروائی جاری ہے۔
سیلینا جیٹلی اور پیٹر ہیگ نے 2011ء میں شادی کی تھی، 2012ء میں ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی، جبکہ 2017ء میں دوبارہ جڑواں بچوں کی ولادت ہوئی، تاہم ان میں سے 1 بچے کا انتقال ہو گیا تھا۔