ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے کہا ہے کہ اردن کے عقبہ ایئر پورٹ پر موجود امریکی فوج کے C-17 ٹرانسپورٹ طیاروں اور P-8 نگرانی طیاروں کو بیلسٹک میزائل حملوں کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔
ایرانی نشریاتی ادارے کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا ہے کہ اردن کے موفق السلطی (الازرق) ایئر بیس پر امریکی افواج کے زیرِ استعمال 20 ہینگرز تباہ کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ اس نے کویت کے علی السالم ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق ڈرون حملے میں ایک ابتدائی انتباہی ریڈار نظام تباہ ہو گیا، جبکہ علیحدہ حملوں میں فضائی ساز و سامان کے گودام اور MQ-9 ڈرونز کے ہینگر کو نشانہ بنایا گیا، جس سے کئی طیاروں میں آگ لگ گئی۔
ادھر ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی آر جی سی نے کہا ہے کہ گزشتہ رات آبنائے ہرمز میں 2 آئل ٹینکر دھماکوں کے باعث رک گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جہاز امریکی دباؤ کے تحت اس اہم بحری گزرگاہ سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
آئی آر جی سی نے خبردار کیا ہے کہ جب تک خطے میں امریکی فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی، آبنائے ہرمز تیل، گیس یا دیگر تجارتی سامان کی محفوظ ترسیل کے لیے غیر محفوظ رہے گی۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے مغربی صوبے کرمانشاہ کے شہر اسلام آبادِ غرب کے قریب ایک MQ-9 ڈرون کو مار گرایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈرون کو آئی آر جی سی کی ایرو اسپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کی مدد سے نشانہ بنایا۔