امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹ کام نے کہا ہے کہ ہفتے کی شب امریکی مشرقی وقت کے مطابق رات 10 بجے ایران کے خلاف مسلسل نویں رات بھی فضائی کارروائیاں مکمل کیں۔
سینٹ کام کے مطابق اس کارروائی میں ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے مراکز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچنگ سائٹس اور مواصلاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ایران کی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں پر حملے کی صلاحیت کو مزید محدود کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج اعلیٰ درجے کی چوکسی، مکمل توجہ، مؤثر جنگی استعداد اور ہر قسم کی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔
ادھر ایرانی میڈیا کے مطابق تبریز، چاہ بہار، سیرک، ہرمزگان، بوشہر اور کونارک میں حملے ہوئے۔
ایرانی پاسداران نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے آبنائے ہرمز میں 2 تیل بردار جہاز تباہ کر دیے۔
ان کا کہنا ہے کہ اردن کے عقبہ ہوائی اڈے پر امریکی طیاروں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے جبکہ شام کے علاقے التنف میں امریکا کے کمانڈ سینٹر کو بھی نشانہ بنایا۔