• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان خان کی حالیہ ویڈیو پر مداح پریشان، اداکار کا دلچسپ انداز میں جواب

---تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا
---تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی حالیہ عوامی تقریب میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں، تاہم اداکار نے ان افواہوں پر اپنے مخصوص انداز میں ردعمل بھی دے دیا۔

سلمان خان نے ممبئی میں سلَم ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی (SRA) کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ادارے کے نئے ڈیٹا کلیکشن اینڈ ویریفکیشن سپورٹ سینٹر (آئی ٹی سرور روم) کا افتتاح کیا۔

تقریب کے دوران سلمان خان نے 50 سے زائد افراد کو ان کے مستقل گھروں کی چابیاں بھی حوالے کیں، حکام سے مختلف منصوبوں پر بریفنگ لی اور ادارے کی کاوشوں کو سراہا۔

تاہم تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی توجہ ان کی بدلتی ہوئی شکل و صورت کی جانب مبذول ہوگئی۔

60 سالہ اداکار ہلکی شیو، ہلکے رنگ کی شرٹ اور مختلف انداز میں نظر آئے، جس کے بعد متعدد مداحوں نے ان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے سلمان خان کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ بیمار لگ رہے ہیں، جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا ہے کہ میرا ہیرو بوڑھا ہو رہا ہے۔

ایک مداح نے سوال کیا بھائی کو یہ کیا ہو گیا؟ جبکہ کئی صارفین نے بڑھتی عمر پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب سلمان خان تقریب کے دوران پُرسکون اور خوش گوار موڈ میں دکھائی دیے، صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مجھ سے کچھ بھی پوچھ لیں، بس میری اگلی فلم کے بارے میں سوال نہ کریں۔

اپنی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کے بعد سلمان خان نے انسٹاگرام پر نئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا ہے کہ آپ لوگوں کی طبیعت کیسی ہے؟

اداکار کی اس پوسٹ کو مداحوں نے ان کی صحت سے متعلق ہونے والی قیاس آرائیوں کا ہلکے پھلکے انداز میں دیا گیا جواب قرار دیا اور کمنٹ سیکشن میں  دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید