بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی ٹرک پر سوار ہو کر سی جے پی (کاکروچ جنتا پارٹی) کے احتجاج میں شریک ہوئیں اور رکاوٹیں عبور کیں۔ اس موقع پر 75 سالہ شبانہ اعظمی کا کہنا تھا کہ یہاں لوگوں کو دیکھ کر حوصلہ ملتا ہے۔
واضح رہے کہ شبانہ اعظمی پیر کے روز دہلی میں ہونے والے کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاجی مارچ میں شریک ہوئیں۔ مظاہرین نے یونین منسٹر برائے تعلیم دھرمیندرا پردھان کے استعفے اور تعلیمی اصلاحات کا مطالبہ کیا۔
بعدازاں شبانہ اعظمی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر احتجاج کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں۔ ان تصاویر میں وہ مظاہرین کے ساتھ ایک ٹرک میں سفر کرتی اور احتجاج کے دوران لگائی گئی رکاوٹیں عبور کرتی نظر آئیں۔
شبانہ اعظمی نے احتجاجی مارچ کے دوران ٹرک میں سفر کرتے ہوئے اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس میں اداکار پرکاش راج بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ تصویر کے کیپشن میں شبانہ اعظمی نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت نے آخرکار سی جے پی رہنماؤں سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ جنتر منتر پر تعلیمی اصلاحات کے لیے یہ ایک پُرامن احتجاج ہے۔ ایک اور ویڈیو میں شبانہ اعظمی کو مظاہرین کی مدد سے ایک بیریکیڈ عبور کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
انھوں نے کہا کہ یہاں موجود لوگوں کا جوش و جذبہ اور اتنی بڑی تعداد میں شریک افراد کو دیکھ کر حوصلہ ملتا ہے۔ ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ یہاں اتنی تعداد میں جمع ہونے والے تمام ساتھیوں کو سلام۔
اس سے قبل دہلی میں مارچ کے دوران میڈیا سے گفتگو میں شبانہ اعظمی نے کہا ہم سب جو یہاں موجود ہیں، ایک پرامن احتجاج کے لیے آئے ہیں تاکہ آئین میں دیے گئے حق کو استعمال کر سکیں۔ ہمارا کسی بھی قسم کی تشدد پھیلانے کا کوئی ارادہ نہیں اور ہم پوری امید کے ساتھ اسی مؤقف پر ثابت قدم ہیں۔