• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی سفیر عبد الحمید کی جاپانی وزیرِ انصاف سے اہم ملاقات

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

جاپان میں پاکستان کے سفیر عبد الحمید نے جاپان کے وزیرِ انصاف ہیروشی ہیراگوچی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، ہنرمند افرادی قوت کے تبادلے، مہارتوں کی ترقی اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران خصوصی طور پر جاپان میں پاکستانی اعلیٰ مہارت یافتہ پیشہ ور افراد اور ہنرمند کارکنوں کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافے پر گفتگو ہوئی۔ 

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کی تربیت یافتہ افرادی قوت جاپان کی صنعتی اور اقتصادی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے مہارتوں کی ترقی، فنی تربیت، افرادی قوت کی منظم نقل و حرکت اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ عوامی سطح پر روابط پاکستان اور جاپان کے مضبوط تعلقات کا بنیادی ستون ہیں۔ 

اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ دونوں ممالک ایسے عملی اقدامات جاری رکھیں گے جن سے ناصرف باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے عوام کو بھی براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

ملاقات میں مہارتوں کی ترقی کے لیے روزگار سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی تکمیل کے لیے جاری پیش رفت کا خیرمقدم کیا گیا۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید