وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب سے کیوں بغض اور نفرت ہے۔
لاہور میں عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کے بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کا پیسہ انہی پر لگ رہا ہے، یہی پیپلز پارٹی کا مسئلہ ہے، لاڑکانہ کے نوابوں کو یہی بات ہضم نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو نفرت اور تقسیم کی سیاست زیب نہیں دیتی، آپ ایک جماعت کے چیئرمین ہیں اپنے عہدے کا خیال کریں، سندھ کے ترجمانوں نے کبھی ہمیں اپنے حکومت کی کارکردگی کیوں نہیں بتائی؟
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز نے وسائل کو اٹک سے رحیم یار خان اور راولپنڈی سے وہاڑی تک پہنچا دیا، پنجاب کی ترقی اور خوش حالی سے جلنے والے جلتے رہیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اگر آپ چوتھے نمبر کی جماعت ہیں تو اس میں ہمارا قصور نہیں، پنجاب کے لوگ مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب لاہور میں سیکھنے آئے تو ہم نے اپنے دروازے کھول دیے، جیسی ترقی اور خوش حالی پنجاب میں ہے ایسی سندھ میں بھی ہونی چاہیے۔