• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلد کے فنگل انفیکشن کا بڑھتا ہوا بحران

 گزشتہ برسوں کے مقابلے میں داد کے کیسز میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بعض مریضوں میں جلد کے بڑے حصے پر انفیکشن پھیل چکا ہے، جب کہ کچھ مریضوں میں روایتی اینٹی فنگل ادویات بھی مؤثر ثابت نہیں ہو رہیں۔

مائیکرو بایولوجی کی لیبارٹریوں میں بھی اسی طرح کے مشاہدات سامنے آ رہے ہیں، اس انفیکشن کا سبب بننے والی پھپھوندیوں کی شناخت اور لیبارٹری میں ان کی موجودگی کی تصدیق کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

پاکستان میں جہاں طبی عملہ، صحتِ عامہ کے ماہرین اور پالیسی ساز متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ، غیر متعدی امراض کے بڑھتے ہوئے بوجھ اور صحت کے بنیادی ڈھانچے اور نظام میں موجود خامیوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، وہیں صحتِ عامہ کا ایک اور مسئلہ خاموشی سے شدت اختیار کر رہا ہے۔

ڈرماٹوفائٹوسس (Dermatophytosis)، جسے عام طور پر انگریزی میں ’’رِنگ ورم‘‘ اور مقامی زبان میں ’’داد‘‘ کہا جاتا ہے، ڈرماٹوفائٹس نامی پھپھوندیوں کے ایک گروہ کے باعث ہوتا ہے۔

یہ پھپھوندیاں کیراٹین نامی پروٹین سے غذا حاصل کرتی ہیں، جو جلد، بالوں اور ناخنوں میں پایا جاتا ہے۔ یہ انفیکشن ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل ہوسکتا ہے۔ اس کی عام علامات میں جلد پر خارش، سرخ اور گول دائرے کی شکل کے نشانات شامل ہیں، جن کے درمیان جلد کا حصہ صاف یا چھلکے دار ہو تا ہے۔

بیماری کے پھیلاؤ کے اعداد و شمار

ملک کے مختلف طبی اداروں سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار جلد کے فنگل انفیکشن کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ملتان میں جلد کے انفیکشن کے شبعے میں لیے گئے ،ایک ہزار نمونوں کی جانچ میں سے 74فی صد میں ڈرماٹوفائٹس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، جب کہ کراچی کے علاقائی مراکز میں جسم پر ہونے والے داد (Tinea corporis) کے کیسز مجموعی کیسز کے 47 فی صد تک رپورٹ کیے گئے۔

آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں 863 مریضوں کے جائزے سے معلوم ہوا کہ 27.1 فی صد کیسز میں رانوں کے جوڑوں، زیرِ ناف حصے اور رانوں کو متاثر کرنے والا فنگل انفیکشن (Tinea cruris) موجود تھا، جب کہ اس انفیکشن کے دوبارہ ہونے کی شرح 14.5 فی صد ریکارڈ کی گئی۔

یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ یہ بیماری عام لوگوں کے اندازے سے کہیں زیادہ عام ہے۔ اس سے بھی زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ جب انفیکشن کا علاج مشکل ہو جائے یا علاج کے بعد بار بار دوبارہ ظاہر ہونے لگے تو مسئلے کی سنگینی مزید بڑھ جاتی ہے۔

موسمی حالات، بنیادی سہولیات کی کمی اور ادویات کے خلاف مزاحمت کا باہمی تعلق 

ایک ایسی جلدی بیماری، جس کا علاج ماضی میں معمول کے مطابق اسپتالوںکی او پی ڈی میں ممکن تھا، اب اچانک اس قدر کیوں پھیل رہی ہے کہ علاج کی ناکامی ایک بڑی وجہ بن رہی ہے؟ اس کا جواب بدلتے ہوئے ماحولیاتی حالات، بنیادی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے انتظامات میں موجود خامیوں اور ادویات کی وسیع پیمانے پر دست یابی اور ان کے غلط استعمال میں پوشیدہ ہے۔

ملک میں مسلسل پانی کی قلت بھی اس مسئلے کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ جہاں صاف پانی تک رسائی محدود ہو، وہاں کم آمدنی والے خاندان بنیادی صفائی ستھرائی کے تقاضوں پر سمجھوتہ کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ گنجان آبادیاں اور ہوا کی ناقص آمدورفت والے رہائشی مقامات بھی کمیونٹی کی سطح پر اس انفیکشن کی منتقلی کو تیز کر سکتے ہیں۔

ان مسائل کے ساتھ ڈرماٹوفائٹس میں اینٹی فنگل ادویات کے خلاف مزاحمت کا تیزی سے سامنے آنا بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں Trichophyton indotineae نامی پھپھوندی کی ایک قسم تیزی سے پھیل رہی ہے۔ اس قسم میں اسکوالین ایپوکسائیڈیز (SQLE) جین میں ایسی تبدیلیاں پائی جاتی ہیں، جو ٹیربینافائن (Terbinafine) کے خلاف شدید مزاحمت پیدا کرتی ہیں۔

ٹیربینافائن عام طور پر تجویز کی جانے والی ایک اینٹی فنگل دوا ہے، جو پھپھوندی کے خلیے کی جھلی بننے کے عمل میں رکاوٹ ڈال کر کام کرتی ہے۔ اینٹی فنگل ادویات کے خلاف مزاحمت رکھنے والی یہ پھپھوندیاں جلد کے بڑے حصوں کو متاثر کرنے والے اور شدید سوزش پیدا کرنے والے نشانات کا سبب بن سکتی ہیں، جن پر علاج کے معمول کے طریقے مؤثر ثابت نہیں ہوتے۔

متاثرہ مریضوں اور ان کے خاندانوں کے لیے اس کا مطلب طویل عرصے تک بیماری کا سامنا کرنا، بار بار علاج کروانا اور بھاری مالی اخراجات برداشت کرنا ہو سکتا ہے۔

بنیادی وجہ: مختلف ادویات کے امتزاج والی کریموں کا غلط استعمال 

ادویات کے خلاف مزاحمت کے اس بحران کو تیز کرنے والی ایک بڑی وجہ مختلف ادویات کے غیر موزوں امتزاج پر مشتمل کریموں کےبغیر کسی روک ٹوک کے دستیابی اور ان کا غلط استعمال ہے۔تحقیقی شواہد کے مطابق، جلد پر لگائی جانے والی ادویات میں سے 87 فی صد فکسڈ ڈوز کمبینیشن (FDC) کریمیں ہیں، جن میں طاقتور کورٹیکوسٹیرائڈز کے ساتھ اینٹی فنگل اور اینٹی بائیوٹک ادویات بھی شامل ہوتی ہیں۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ کمیونٹی فارماسسٹ ان میں سے 44 فی صد سے زائد مرکب کریمیں ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر براہِ راست فروخت کرتے ہیں۔

یہاں تک کہ خواتین میڈیکل طلبہ میں بھی 37 فی صد نے جلد پر لگائے جانے والے بیٹامیٹھاسون (Betamethasone) نامی اسٹیرائڈ اور مختلف ادویات کے امتزاج والی کریموں کے غلط استعمال کی اطلاع دی ہے۔ جلد پر لگائے جانے والے اسٹیرائڈز جلد کے مقامی مدافعتی ردِعمل کو دبا دیتے ہیں اور عارضی طور پر سوزش کی علامات کو چھپا سکتے ہیں۔

اس کے نتیجے میں جلد کے اندر موجود فنگل انفیکشن بڑھتا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ فنگس میں جینیاتی تبدیلیوں اور ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا ہونے میں بھی ممکنہ طور پر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ لہٰذا مسئلہ صرف ان کریموں کی دستیابی کا نہیں بلکہ ان کے استعمال کے طریقے کا بھی ہے، کیوں کہ اکثر انہیں درست تشخیص یا مناسب طبی رہنمائی کے بغیر استعمال کیا جاتا ہے۔

سماجی اور معاشی اثرات

اس بیماری کے سماجی اور معاشی اثرات بھی انتہائی سنگین ہیں۔ جسمانی تکلیف کے علاوہ، جلد پر نمایاں ہونے والی بیماریاں ہمارے معاشرے میں منفی رویوں کا باعث بن سکتی ہیں۔

یہ متاثرہ افراد کی ذہنی صحت کو متاثر کرنے، انہیں سماجی طور پر الگ تھلگ کرنے اور ان کے روزگار اور ذریعہ معاش میں رکاوٹ بننے کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔ بہت سے مریضوں کے لیے جلد کا ایک معمولی سا انفیکشن اس وقت طویل اور پریشان کن بیماری میں تبدیل ہو سکتا ہے، جب وہ روایتی علاج سے ٹھیک نہ ہو۔

تمام شعبوں کی مشترکہ کوششوں سے فوری اقدامات کی ضرورت 

اس کے باوجود پاکستان میں فنگل بیماریوں کی نگرانی کے لیے فی الحال کوئی قومی پروگرام یا ان بیماریوں سے نمٹنے کے لیے مخصوص پالیسی فریم ورک موجود نہیں۔ صحتِ عامہ کے اس خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ شعبوں کو فوری اور مربوط اقدامات کرنا ہوں گے۔

جنرل پریکٹیشنرز اور ماہرینِ امراضِ جلد کو درست تشخیصی تصدیق کے بغیر محض اندازے کی بنیاد پر ادویات تجویز کرنے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔ انہیں اسٹیرائڈز اور اینٹی فنگل ادویات کے غیر موزوں امتزاج والی کریمیں تجویز کرنے سے بھی فوری طور پر گریز کرنا ہوگا۔ علاج شروع کرنے سے پہلے پوٹاشیم ہائیڈرو آکسائیڈ (KOH) مائیکرواسکوپی یا فنگل کلچر ٹیسٹ کو معمول کے طبی عمل کا لازمی حصہ بنانا چاہیے۔

فارماسسٹس کو جلد پر لگائے جانے والے تمام کورٹیکوسٹیرائڈز اور اینٹی فنگل ادویات صرف ڈاکٹر کے نسخے پر فروخت کرنے کے ضابطے پر سختی سے عمل کرنا ہوگا اور بغیر نسخے کے ان ادویات کی فروخت روکنا ہوگی۔

سیلون میں استعمال ہونے والے آلات کی جراثیم کشی کے سخت اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا، کیوںکہ ذاتی آرائش اور گرومنگ کے لیے استعمال ہونے والے آلودہ آلات ایک شخص سے دوسرے شخص میں فنگل انفیکشن کی منتقلی کو براہِ راست تیز کر سکتے ہیں۔

طبی تعلیم سے وابستہ افراد اور محققین کو طبی نصاب میں بہتری لاتے ہوئے ادویات تجویز کرنے کے درست طریقوں اور اینٹی فنگل ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دینا ہوگا۔ اس کے ساتھ محققین کو ادویات کے خلاف بدلتی ہوئی مزاحمت کے رجحانات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف طبی مراکز میں مشترکہ کلینیکل ٹرائلز کا دائرہ وسیع کرنا چاہیے۔

پالیسی سازوں اور صحت کے متعلقہ حکام پر بھی بنیادی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کو سخت ضابطے متعارف کراتے ہوئے متعدد اجزا پر مشتمل غیر موزوں ’’مکسچر‘‘ یا ’’مسالہ‘‘ ایف ڈی سی کریموں پر پابندی عائد کرنی چاہیے اور جلد پر لگائے جانے والے اسٹیرائڈز کی فروخت کو ’’شیڈول ایچ‘‘ کے تحت ڈاکٹر کے نسخے سے مشروط کرنے کے ضابطے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے۔

صحتِ عامہ کے حکام کو فنگل بیماریوں کی نگرانی کے لیے ایک قومی نیٹ ورک قائم کرنا چاہیے اور تمام صوبوں میں تسلیم شدہ مائیکولوجی لیبارٹریوں، جہاں فنگل انفیکشن کی تشخیص کی جا سکے، کے قیام اور ان کی مالی معاونت کے لیے فنڈز فراہم کرنے چاہئیں۔

ضابطہ جاتی اقدامات، درست تشخیص، فارمیسیوں کی جواب دہی اور سیلونز میں صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات کو یکجا کرکے پاکستان علاج کی ناکامی پر قابو پا سکتا ہے، اینٹی فنگل ادویات کے خلاف مزاحمت کو محدود کر سکتا ہے اور عوامی صحت کا تحفّظ یقینی بنا سکتا ہے۔

صحت سے مزید