• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور ایجنسیوں سے متعلق گمراہ کُن پروپیگنڈا کرنیوالے نیٹ ورک کا تعلق بھارت سے ہے، عطا تارڑ

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی ایجنسی سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والا ایک ملزم گرفتار کرلیا گیا، جس سے تحقیقات جاری ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ سروس والے ایک شخص کو کچھ عرصہ قبل سیکیورٹی اداروں نے گرفتار کیا، اس شخص کی جانب سے فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل سروسز کے تانے بانے بھارت سے ملتے تھے، پاکستان مخالف مواد کو وائرل کرنے کیلئے ادائیگیاں بھارت سے ہو رہی تھیں، گرفتار شخص سے تحقیقات کی گئیں تو تمام معلومات تک رسائی حاصل کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانی ایجنسی سے متعلق گمراہ کُن پروپیگنڈا اور غلط معلومات پھیلانے والے پورے نیٹ ورک کا تعلق بھارت سے ہے۔ کانٹینٹ کا زیادہ تر حصہ کشمیر کے کالعدم ایکشن کمیٹی کے حوالے سے ہے، دوران تفتیش اس نے بتایا اسے ملنے والا مواد آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے حوالے سے تھا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ شروع سے کہہ رہے تھے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کشمیر کاز اور کشمیر کے عوام کے مفاد سے کوئی تعلق نہیں، اگر یہ کشمیر کاز سے اتنے ہی مخلص ہیں تو یہ الیکشن کیوں نہیں لڑتے؟

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان لوگوں نے پُرتشدد احتجاج سے کشمیری پولیس کے جوانوں کو شہید کیا۔ انہوں نے کشمیر کے اندر تشدد کی سیاست کی، امن و امان کی صورتحال پیدا کی، اس کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، ان عناصر نے اسلحہ اور ڈنڈے کے زور پر ایک تحریک شروع کرنے کی کوشش کی، کشمیر کے عوام نے سازشی عناصر کی تشدد کی سیاست کو رد کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے ملک مخالف مہم چلائی گئی، بھارت چاہتا ہے کہ کشمیر کے اندر امن و امان کی صورتحال پیدا ہو، شرپسند عناصر کی بھارتی فنڈنگ کے ثبوت سب کے سامنے ہیں، کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر پوری قوم کو جوابدہ ہیں، پاکستان مخالف پروپیگنڈے کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کیا گیا۔ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا گٹھ جوڑ بھارت کے ساتھ ثابت ہو چکا ہے، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کر کے پرانی ویڈیوز کو کشمیر سے جوڑا گیا، مس انفارمیشن کا تدارک حکومت کی ذمہ داری ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا علمبردار ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی انتھک محنت سے دنیا میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا، ان شاءاللّٰہ پاکستان ترقی کا سفر جاری رکھے گا، دشمن کو پاکستان کی حالیہ کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہیں۔ پاکستان کے مفاد کا ہر محاذ پر دفاع کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید