ادیتیا پراتیک سنگھ سیسوڈیا المعروف بادشاہ کی اہلیہ ایشا ریکھی کا کہنا ہے کہ میرے شوہر کے اثر و رسوخ نے مجھے بےحد خوفزدہ اور پریشان کردیا۔
واضح رہے کہ 41 سالہ ریپر، گلوکار، گیت نگار اور میوزک پروڈیوسر کی اہلیہ کی تازہ انسٹاگرام پوسٹ ایک بار پھر اس بات کی طرف اشارہ کر رہی ہے کہ ان کے ازدواجی تعلقات میں مسائل جنم لے رہے ہیں۔
بادشاہ کی اہلیہ اور اداکارہ ایشا ریکھی نے پیر کی شام بالآخر اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنی خاموشی توڑ دی۔ یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل مداحوں نے دونوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کا اندازہ لگایا تھا۔
اداکارہ ایشا ریکھی نے تحریر کیا کہ کچھ جنگیں ایسی ہوتی ہیں جو جسم پر کوئی دکھائی دینے والا زخم نہیں چھوڑتیں۔ ایک طویل عرصے تک میں خاموش رہی کیونکہ میں خوفزدہ تھی۔
ایشا کے مطابق میں اپنے شوہر کے اثر و رسوخ، طاقت اور وسائل سے خود کو مغلوب محسوس کرتی تھی، میں نے خود کو یہ یقین دلایا تھا کہ خاموش رہنا ہی سب سے محفوظ راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری خاموشی کبھی بھی رضامندی نہیں تھی، بلکہ یہ میری بقا کا ذریعہ تھی۔ آج میں نے خوف کے بجائے ہمت کو منتخب کیا ہے۔ شاید میں ابھی پوری کہانی سنانے کے لیے تیار نہیں ہوں، لیکن اب میں یہ دکھاوا کرنے کے لیے بھی تیار نہیں کہ سب کچھ ٹھیک تھا۔ تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ اسے شیئر کرنے کی وجہ کیا ہے۔
یہ پوسٹ اس کے چند روز بعد سامنے آئی جب ایشا نے بادشاہ کے ساتھ اپنی یادگار لمحات پر مبنی ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی تھی۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا: ہر طوفان ایک سبق ہے، ہر دعا ایک امید ہے، جس کے ساتھ ٹوٹے ہوئے دل کا ایموجی بھی شامل تھا۔ اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔